لندن:(ویب ڈیسک) نسل پرستانہ رویے کے الزام پر انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان کو ایشز سیریز کے کمنٹری پینل سے باہر کردیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مائیکل وان کو آسٹریلیا میں شیڈول تاریخی سیریز میں کمنٹری کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یارکشائر کے سابق کھلاڑی عظیم رفیق نے کہا تھا کہ انگلش کرکٹ میں ’ادارے کی سطح پر‘ نسل پرستی موجود ہے۔
30 سالہ رفیق نے برطانوی پارلیمان کی ڈیجیٹل، کلچر، میڈیا اور سپورٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا تھا کہ ان کے یارکشائر کلب کے دور میں نسل پرستانہ جملوں کا باقاعدہ استعمال ہوتا تھا۔
عظیم رفیق نے الزام لگایا تھا کہ مائیکل وان نے 2009 میں ایک میچ سے قبل انہیں اور ایشیائی نژاد دو دیگر کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ میں سے بہت زیادہ لوگ ہیں، ہمیں اس کے بارے میں کچھ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ وان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے کہا گیا کہ ادارتی وجوہات کی بناء پر ہم نہیں سمجھتے کہ وان کے لیے اس وقت ہماری ایشز ٹیم یا اس کھیل کی وسیع تر کوریج میں کوئی کردار ادا کرنا مناسب ہوگا۔