پاک ویسٹ انڈیز سیریز کیلئے فول پروف حفاظتی پلان، کمانڈوز اور شارپ شوٹرز سکیورٹی سنبھالیں گے

Published On 01 December,2021 01:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران فول پروف سکیورٹی کے لئے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے، 800 ایس ایس یو کمانڈوز کے علاوہ شارپ شوٹرز تعینات کئے جائیں گے۔ تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے نیشنل سٹیڈیم تک شٹل بس سروس فراہم کی جائے گی۔

پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی   بنانے کیلئے سپیشل سکیورٹی یونٹ ہیڈکوارٹر میں اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کی۔ اس موقع پر پولیس، آرمی، رینجرزاور پی سی بی کے سینئر افسران اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی مقصود احمد نے بتایا کہ میچز کے دوران800 ایس ایس یو کمانڈوزڈیوٹی پر تعینات ہونگے، سیکیورٹی ڈویژن کے 1500 سے زائد اہلکار فرائض سنبھالیں گے جبکہ ماہرنشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے۔ ڈی آئی جی اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس نگرانی کیلئے نیشنل سٹیڈیم پر موجود ہو گی، تماشائیوں کو پارکنگ پوائنٹس سے نیشنل سٹیڈیم تک شٹل بس سروس فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 13 دسمبر کو پاکستان ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا ،ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں 3 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچز شامل ہیں۔
 

Advertisement