ڈھاکا ٹیسٹ :پاکستان کی اننگز 300 پر ڈیکلیئر،بنگلا دیش کے 7وکٹوں پر 76رنز

Published On 07 December,2021 04:29 pm

ڈھاکا:(ویب ڈیسک)بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز4 وکٹیں گنوا کر 300رنز پر ڈیکلیئر کردی جبکہ میزبان ٹیم نے چوتھے روز کے اختتام پر 7وکٹوں کے نقصان پر 76رنز بنالئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں بابراعظم، اظہرعلی، رضوان اور فوا د عالم نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان بارش سے متاثرہ ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے کھیل میں میزبان ٹیم کے 7 کھلاڑی صرف 76 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے 6 وکٹیں ساجد علی نے لیں جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا ہے۔

بنگلادیش کی اننگز کی شروعات میں ہی اوپنر محمود الحسن جوائے، نجم الحسین شنتو، لٹن داس، شادمان اسلام اور مشفق الرحیم کو ساجد خان نے آؤٹ کیا جب کہ بیٹر مومن الحق کو حسن علی نے رن آؤٹ کیا۔

 

میچ کے چوتھے روز کا آغاز پاکستان کی اننگز سے ہوا جس میں اظہر علی 56 رنز کے ساتھ عبادت حسین کی بال پر آؤٹ ہوگئے اور کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر خالد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

 خراب موسم کی وجہ سے چوتھے روز بھی کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا ہے ۔ تیسرے روز مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہیں پھینکی جا سکی تھی جبکہ پہلے دو روز میں صرف 63.2 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔

خیال رہے‏ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔