ایشر سیریز: پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

Published On 11 December,2021 09:43 am

برسبین: (ویب ڈیسک) ایشر سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برسبین گابا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو جیتنے کے لئے محض 20 رنز کا ہدف دیا جو کہ کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

گابا ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی، مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 147 رنز بناسکی جبکہ انگلینڈ اپنی دوسری اننگز میں 297 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، نیتھن لیون نے 4 جبکہ کیمرون گرین نے 2 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے برسبین ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، کینگروز کپتان پیٹ کمنز انگلش ٹیم پر قہر بن کر ٹوٹے اور 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نےبھی 2، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کیمرون گرین کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

جواب میں کینگروز ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں ٹریوس ہیڈ کے 152 اور ڈیوڈ وارنر کے 94 رنز کی بدولت 425 رنز بنائے تھے اور اسے انگلینڈ کے خلاف 278 رنز کی برتری برتری حاصل ہوئی تھی۔

آسٹریلیا کو 5 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، دوسرا ٹیسٹ 16 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔
 

Advertisement