کراچی: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم نے کیلنڈر ایئر کا اختتام ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 2 مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے والی واحد ٹیم ویسٹ انڈیز کو اسی فارمیٹ میں ہی کلین سویپ کر کے کیا۔ ان دونوں سیریز کے دوران 12 ماہ میں پاکستان نے تین ٹیسٹ سیریز جیتی اور ایک ڈرا کی۔
اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021 کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ مجموعی طور پر پاکستان نے کیلنڈر ایئر 2021 میں کھیلے گئے 9 میں سے 7 ٹیسٹ میچز جیتے۔ اس دوران پاکستان نے ایک سال میں کھیلے گئے 29 میں سے سب سے زیادہ 20 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی جیتے۔
اس کے علاوہ رواں سال کھیلے گئے چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سے پاکستان کو 2 میں کامیابی مل سکی۔ تاہم رواں سال شائقین کرکٹ کے ذہنوں میں نقش رہ جانے والی یاد پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سفر رہا، جہاں پاکستان نے پہلی مرتبہ روایتی حریف بھارت کو شکست سے دوچار کرکے نئی تاریخ رقم کی۔