آسٹریلیا اور دیگر انٹرنیشنل بورڈ اپنی بی ٹیمیں پاکستان نہ بھیجیں:شاہد آفریدی

Published On 02 January,2022 09:57 pm

کراچی:(دنیا نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہےکہ سرفراز احمد ہی کوئٹہ کے کپتان ہونگے، کوشش کروں گا اسے گراؤنڈ میں ریلیکس رکھوں، آسٹریلیا اور دیگر انٹرنیشنل بورڈ اپنی بی ٹیمیں پاکستان نہ بھیجیں۔

کراچی میں تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، جو بھی بڑی ٹیم پاکستان آئے وہ مکمل سٹرینتھ کے ساتھ آئے، ایسا نہ ہو کہ بڑی ٹیمیں اپنی بی ٹیم کو پاکستان بھیج دیں ۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ ہے، غیر ملکی کرکٹرز بڑی تعداد میں پی ایس ایل کھیلنے پاکستان آتے ہیں، ملکی کرکٹرز کو پاکستان میں کھیل کر اچھا لگتا ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل سیون میں نمائندگی کروں گا، ندیم عمر کی خواہش پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے کھیلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 7 میں پی سی بی کو کورونا کے حوالے سے پلان بنانا ہوگا، ہر ٹیم بیس سے بائیس کھلاڑی اپنے سکواڈ میں رکھے، اگر کسی کو کورونا ہو جائے تو دیگر کھلاڑی کھیلنے کیلئے تیار ہوں، پی سی بی کے پاس ایسی صورتحال میں پلان بی ہونا ضروری ہے۔
 

Advertisement