پی ایس ایل 7 کی ڈرافٹنگ مکمل،گیل،بین ڈنک سمیت کئی بڑے نام نہیں کھیلیں گے

Published On 12 December,2021 04:13 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل7) کی ڈرافٹنگ مکمل ہوگئی،عمر اکمل کی لیگ میں واپسی ہوئی ،کامران اکمل نے سلور کیٹگری میں کھیلنے سے انکار کر دیا ،کرس گیل، بین ڈنک، احمد شہزاد ،محمد عرفان سمیت کئی بڑے نام پی ایس ایل 7 کا حصہ نہیں ہونگے۔

لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ و دیگر شریک ہوئے جبکہ فرنچائز مالکان نے 6 مختلف کیٹگریز میں 18 کھلاڑیوں کا چناؤ کیا،میگا ایونٹ27 جنوری سے شروع ہوگا اور مجموعی طورپر34میچز کھیلے جائیں گے۔

رمیز راجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے ڈرافٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ اور فرنچائز مالکان کا تعلق بہت اہم ہے ،لیڈرشپ بہتر ہو تو تمام چیزیں بہتر سمت میں جاتی ہیں جبکہ بورڈ اور مالکان کو ایک پیج پر ہونا چاہیئے ۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ کوشش یہی ہے کہ پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین لیگ بنائیں ،تمام فرنچائز اور سپانسرز کا تعاون اہم ہے اس لئے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 ان کا کہنا تھا کہ آج ہم سٹریٹجک پارٹنرشپ کرنے جارہے ہیں ،جب تک آپ کی پچز نہیں ہونگی تو بین الاقوامی کرکٹ میں مشکلات ہونگی ،جتنی بھی فرسٹ کلاس کرکٹ دیکھی اس میں پچز کا معیار بہتر نہیں تھا، اگر پچ اچھی نہیں ہوگی تو آپ کا پراڈکٹ ٹھیک نہیں ہوگا ۔

رمیز راجہ نے کہا کہ اگلے ایک ماہ میں 30ہائبرڈ پچز بنائیں گے ،دو ڈراپ ان پچز بنانے جارہے ہیں اور ان دو ڈراپ ان پچز پر 37 کروڑ کی لاگت آئے گی۔

میرے لیے سب سے اچھی بات ڈراپ ان پچز ہیں، ورنن فلینڈر اور میتھیو ہیڈن کو بھی سٹریٹیجک پارٹنرشپ کے ذریعے رکھا تھا، ہمیشہ فرنچائز کو کہا کہ ہم نے اس لیگ کو سب سے بہتر کرنا ہے ،ہمیں پاکستان ٹیم کی مدد کرنی ہے جس کیلئے ڈراپ ان پچز بہت ضروری ہے اور90 ہائیبرڈ پچز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ڈرافٹنگ

لاہور قلندرز

پی ایس ایل 7 کی ڈرافٹنگ تقریب میں لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹگری میں فخر زمان،شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان،گولڈ میں عبداللہ شفیق،فل سالٹ اور ہیری بروک،ایمرجنگ میں زمان خان اور معاذ خان شامل ہیں جبکہ ڈائمنڈ کیٹگری میں ڈیوڈ ویزے،حارث رؤف اور محمد حفیظ،سلور میں کامران غلام،ڈین فوکس کرافٹ،سہیل اختر،ذیشان اشرف اور احمد دانیال جبکہ سپلیمنٹری کیٹگری میں سمت پاٹیل اور سید فریدالدین محمود کو پک کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

پلاٹینم کیٹگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو،آصف علی اور حسن علی،گولڈ میں الیکس ہیلز،محمد وسیم جونیئر اور اعظم خان،ایمرجنگ میں مبصر خان اور محمد ذیشان ،ڈائمنڈ کیٹگری میں مرچنٹ ڈی لینگ،شاداب خان اور فہیم اشرف،سلور میں محمد اخلاق،ریس ٹاپلی،دانش عزیز،ظفر گوہر اور پال سٹرلنگ،سپلیمنٹری میں رحمان اللہ گرباز اور اطہر محمود شامل ہیں۔

کراچی کنگز

پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹگری میں کرس جورڈن،بابر اعظم اور عماد وسیم،گولڈ میں جوئے کلارک،شرجیل خان اور عامر یامین،ایمر جنگ میں فیصل اکرم اور قاسم اکرم جبکہ ڈائمنڈ کیٹگری میں لیوئس گریگوری،محمد نبی،محمد عامر،سلور میں عمید آصف،ٹام ایبل،روحیل نذیر،محمد عمران اور محمد الیاس جبکہ سپلیمنٹری میں طلحہ احسن اور روماریو شیفرڈ کو پک کیا ہے۔

ملتان سلطانز

پی ایس ایل 7 ڈرافٹنگ میں ملتان سلطانز نے پلاٹینم کیٹگری میں ٹم ڈیوڈ،محمد رضوان اور ریلی روسو،گولڈ میں شان مسعود،خوشدل شاہ اور شاہنواز دھانی،ایمرجنگ میں عباس آفریدی اور عامر عظمت،ڈائمنڈ میں اوڈین سمتھ،صہیب مقصود اور عمران طاہر،سلور میں رومان رئیس،آصف آفریدی،انور علی،رومین پاول اور عمران خان جونیئر جبکہ سپلیمنٹری کیٹگری میں بلیسنگ موزاربانی اور احسان اللہ کو پک کیا۔

پشاور زلمی

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی نے پلاٹینم کیٹگری میں حضرت اللہ زازائی،وہاب ریاض اور لیام لیونگسٹون کو پک کیا جبکہ گولڈ میں عثمان قادر،ثاقب محمود،حسین طلعت،ایمرجنگ میں سراج الدین اور محمد عامر خان،ڈائمنڈ میں شعیب ملک،شیرفین ردرفورڈ اور حیدر علی،سلور میں سلمان ارشاد،ارشد اقبال،ثمین گل،کامران اکمل اور ٹام کوئلر کاڈمور،سپلیمنٹری میں بین کٹنگ اور محمد حارث شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

پی ایس ایل 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم کیٹگری میں جیسن روئے،جیمز ونس اور سرفراز احمد ،گولڈ میں شاہد آفریدی،محمد حسنین اور نسیم شاہ،ایمرجنگ میں عبدالواحد بنگلزئی اور محمد اشعر قریشی،ڈائمنڈ میں جیمز فالکنر،افتخار احمد اور محمد نواز،سلور میں عمر اکمل،سہیل تنویر،بین ڈکٹ،خرم شہزاد اور نوین الحق جبکہ سپلیمنٹری میں نور احمد اور حسن علی کو شامل کیا ہے۔
 پی ایس ایل 7 نہ کھیلنے والے کھلاڑی

کرس گیل، کرس لین، بین ڈنک، احمد شہزاد، ٹام بینٹن، کولن انگرام، جنید خان اور محمد عرفان سمیت کئی بڑے نام پی ایس ایل 7 کا حصہ نہیں ہونگے جبکہ کامران اکمل نے سلور کیٹگری میں کھیلنے سے انکارکردیا ہے۔