لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ کامران اکمل اتوار کے روز پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کیلئے پشاور زلمی کی جانب سے سلورکیٹیگری میں منتخب ہونے پر بطور احتجاج لیگ سے دستبردار ہوگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاید اب ٹیم میں میری ضرورت نہیں رہی ،مجھے سلورکیٹیگری میں پک کرنے سے اچھا ہے نوجوانوں کو موقع دیں۔
پشاور زلمی کےکوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم کی کامران اکمل سے ملاقات ہوئی جس میں قومی کرکٹر نے پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا۔
محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کامران اکمل ہمیشہ ہمارے اہم کھلاڑی رہے ہیں ، وہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے ۔
ذرائع کے مطابق کامران اکمل نے کہا کہ پشاور زلمی میری فیملی ہے ۔