حارث رؤف کی وکٹ لینے کے بعد ماسک پہن کر جشن منانے کی ویڈیو وائرل

Published On 11 January,2022 11:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں بگ بیش کھیلنے میں مصروف قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد انوکھے انداز میں جشن مناتے ہوئے ماسک پہن لیا۔

آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ ٹی ٹونٹی میں حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد انوکھے انداز میں جشن منایا جس کی ویڈیو میلبرن سٹار کے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے حارث رؤف نے پرتھ سکارچر کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پیٹرسن کو آؤٹ کرنے کے بعد جیب سے ماسک نکالا اور پہن لیا جبکہ اس سے قبل انہوں نے ہاتھوں کے اشارے سے سینیٹائزر سے بھی ہاتھ صاف کیے۔

واضح رہے کہ حارث رؤف بگ بیش لیگ میں اب تک 17 میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 464 رنز دے کر 28 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ سب سے زیادہ ایک میچ میں حارث رؤف نے 27 دے کر 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

علاوہ ازیں حارث رؤف کو 2 میچز میں بہترین باؤلنگ کرنے کی بنیاد پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے جبکہ انہوں نے فیلڈنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے 4 کیچز بھی پکڑے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حارث رؤف نے میلبرن رینگیڈر کے خلاف کھیلتے ہوئے انتہائی مشکل کیچ پکڑا تھا جس پر انہوں نے خوب داد بھی سمیٹی تھی۔

حارث رؤف نے اوکونل کی گیند پر ایرون فنچ کے بلند شاٹ کو باؤنڈری لائن پر کیچ کیا تھا، انتہائی اونچا کیچ ہونے کی وجہ سے وہ اپنا توازن کھوکر باؤنڈری لائن کے دوسری طرف چلے گئے تھے۔

تاہم باؤنڈری لائن سے باہر جانے سے قبل ہی انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو ہوا میں اچھال دیا تھا اور توازن صحیح کرکے فوراً باؤنڈری لائن کے اندر آکر گیند کو دوبارہ پکڑ لیا تھا۔
 

Advertisement