ملک کو گرے لسٹ میں سابقہ حکومت نے ڈلوایا: اسد عمر

Published On 11 January,2022 07:20 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک کو گرے لسٹ میں سابق حکومت نے ڈلوایا، فیٹف بل کی مسلم لیگ (ن) نے مخالفت کی تھی ، پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ جب آپ لوگ سوال کرتے ہیں توجواب بھی سننے کے لیے تیارہوجائیں، گرے لسٹ نام مسلم لیگ کی حکومت میں ڈالا گیا ، فیٹف ٹھیک کرتے کرتے حماد اظہراچھا بھلا نوجوان تھا بوڑھا ہوگیا ہے، چیلنج کرتا ہوں فیٹیف بل کی مسلم لیگ(ن)نے مخالفت کی تھی، یہ لوگ جتنا مرضی شورکریں حق کی آوازدبائی نہیں جاسکتی، ہم ان کی آوازوں سے دبنے والے نہیں ۔

وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ شہبازشریف اٹھ کرایوان سے چلے گئے ان میں سچ سننے کی ہمت نہیں ، آصف زرداری کوعلی بابا چالیس چورکہنے والا ہمیں درس دے رہا ہے اور کہتا تھا زرداری کا پیٹ پھاڑوں گا ، یہ لوگ اگروہ پیسہ لے آتے توشائد آئی ایم ایف نہ جانا پڑتا ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ساتھ بیٹھنے کوتیارہیں ، اگران کے ساتھ بیٹھیں گے توکیا ٹی ٹیزلگانا سیکھیں گے؟ ان کے تنخواہ دارملازمین کے اکاؤنٹ میں اربوں جمع کرائے گئے ، مفتاح اسماعیل نے خود کہا معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے، آج شہبازشریف کہہ رہے ہیں کہ معیشت کوتباہ کردیا گیا، اگریہ کہتے ہیں تو مفتاح اسماعیل کی ویڈیوبھی سنادوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈرنے کہا چارٹرآف اکانومی سائن کرنا چاہیے، ان کے بڑے بھائی تین دفعہ وزیراعظم رہے کونسا اپوزیشن کے ساتھ چارٹرآف اکانومی سائن کیا تھا بتادیں؟ چاردفعہ (ن) لیگ،7 دفعہ پیپلزپارٹی آئی ایم ایف سے معاہدہ کرچکے ہیں اور آج یہ غیرت کا درس دے رہے ہیں، جب یہ حکومت چھوڑکرگئی تودودھ اورشہد کی ندیاں نہیں بہہ رہی تھیں۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈرنے بڑا اچھا شعرسنایا، کاش ان کے معیشت دان بھی اتنے ہی اچھے ہوتے جتنا اچھا شعرسنایا ،ان کوتوڈینگی کے خلاف خود تعریفیں کرنا پڑتی تھیں، ہماری حکومت کی کورونا پالیسی کی آج پوری دنیا تعریف کررہی ہے،سابقہ حکومت میں کسان کوپوری قیمت نہیں ملتی تھی ، ہماری حکومت نے کسان کی آمدن میں اضافہ کیا تھا ، یہ خود مافیازکے ساتھ ملے ہوئے تھے اور آدھی شوگرملیں ان کی اپنی تھی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہبازشریف نے کسان کے لیے اتنا رونا رویا ، میں سمجھا شائد کسان کے سب سے بڑے ہمدرد یہی ہیں ، مسلم لیگ کی پانچ سالہ حکومت میں جتنا کسان کی آمدن میں اضافہ ہوا وہ ہم ایک سال میں کرچکے ہیں ، یہ لوگ ایگریکلچرکا نام لیتے ہیں مگر انہوں نے زراعت کا بیڑہ غرق کردیا تھا ۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں پچھلے سال47 فیصد اضافہ ہوا،ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، یہ لوگ کہتے ہیں کہ معیشت تباہ ہوگئی ، پچھلے سال کورونا کے باوجود ہماری معیشت میں چارفیصد اضافہ ہوا ، جنوری کے ماہ میں چار فیصد گروتھ پانچ فیصد تک ہوجائے گی ، ان کا بھائی لندن،سمدھی ، بھتیجے سب لندن میں ہیں ، پیپلزپارٹی، (ن) لیگ کی دونوں حکومتوں سے ہماری ایکسپورٹ میں27 سے28 فیصد اضافہ ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کی بات ہے 3 ہزار800 ارب (ن) لیگ نے ٹیکس اکٹھا کیا تھا ، ہم نے پچھلے سال 4 ہزار700 ارب ، اس سال 6 ہزاراکٹھا کریں گے ، لگ رہا ہے شہبازشریف کوجان بوجھ کریہ غلط اعدادوشماردیئے جاتے ہیں ۔

 

Advertisement