کراچی:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے حکومت پر تنقید کرتےہوئے ہوئے کہا ہے کہ منی بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، تبدیلی سرکار نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔
کراچی میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی اشیا اور ادویات بھی پہنچ سے باہرہوچکی ہیں، صرف سانس لینے اور توشہ خانہ کی گھڑیوں کو استثنیٰ باقی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب کا مقدمہ یہ ہے ملک میں شفاف الیکشن کروائیں اورکچھ نہیں چاہیے، پنجاب سے سینٹرل ایشیا گندم سمگل کروائی گئی، اگرہماری حکومت ہوتی توادویات،بچوں کے دودھ پرٹیکس نہ لگاتے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی واپس آگئی، ملک میں صاحب بہادر کی سرکار ہے، بجلی کا بل8ہزارآئے گا توغریب آدمی کیا کھائے گا،یہ صاحب بہادرانگریزحکومت ہے، یہ کمائی بینکوں کوکرانا چاہتے ہیں، ایسٹ انڈین کمپنی پاکستان میں واپس آگئی ہے، یہاں ایسٹ انڈین کمپنی کی حکومت ہے اور چارووٹوں کی اکثریت سے یہ حکومت بیٹھی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بے حس حکومت ہے ،بیس لاکھ لوگ بھی مرجائیں توانہیں فرق نہیں پڑے گا، منی بجٹ کے بعد مزید مہنگائی بڑھے گی جبکہ اپوزیشن متحد ہوکرایوان میں مقدمہ لڑے گی۔