لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے 150 سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں براہ راست اضافہ ہوگا، عوام ان نااہل حکمرانوں کے چہروں کو یاد رکھے جو ان پر مہنگائی کے بم گرا رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تباہی سرکار کا منشور اور دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں، منی بجٹ سے بالواسطہ سینکڑوں اشیاء مہنگی ہونگی، دو ماہ پہلے وزیراعظم نے 150 ارب کی سبسڈی کا اعلان کیا تھا، اب حکومت کہتی ہے منی بجٹ سے غریب پر صرف 200 ارب کا بوجھ پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ادویات، فصلوں کے بیج، مشینری، سٹیشنری، کتابیں، بچوں کا دودھ اور کھانے پینے کی اشیاء مہنگا کرنے سے بنی گالا پر اثر نہیں پڑے گاتاہم عوام پر ضرور اثر پڑے گا، عوام ان نااہل حکمرانوں کے چہروں کو یاد رکھے جو ان پر مہنگائی کے بم گرا رہے، منی بجٹ اور نااہل سرکار ہمیں نامنظور ہے۔