کورونا زیادہ پھیلا تو پی ایس ایل موخر: پی سی بی کا واضح اعلان

Published On 22 January,2022 08:13 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ کورونا زیادہ پھیلا تو پی ایس ایل 7 کو مؤخر کر دیا جائے گا۔

لیگ کے لیے آفیشل لائیو سٹریمنگ پارٹنر دراز کے ساتھ معاہدے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ کورونا دنیا بھر میں اثرانداز ہو رہا ہے۔ سلمان نصیر نے کہا ہم کورونا سے بچاؤ کے لیے جتنی تیاری کرسکتے تھے ہم نے کی، پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل جاری رکھیں، کھلاڑیوں، پروڈکشن کریو اور سٹاف کا بیک اپ موجود ہے۔ کھلاڑیوں کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے لاہور لے جائیں گے، ہمارے پاکستانی کھلاڑی سٹارز ہیں۔ انہوں نے کہا کورونا زیادہ پھیلنے کی صورت میں پلان کے تحت لیگ کو ملتوی کیا جائے گا جبکہ تیاری کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے وقفہ کے بعد دوبارہ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔

سلمان نصیر نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کو ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق شروع ہوگا۔ سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ تمام غیر ملکی پاکستان آرہے ہیں اور تمام غیر ملکی لاہور بم دھماکے کے بعد لاہور جانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق شروع ہوگا اور عاطف اسلم مختصر تقریب میں پرفارم کریں گے۔ سلمان نصیر نے انکشاف کیا کہ کراچی میں پری ٹیسٹنگ میں دو کھلاڑی اور دو ٹیم آفیشلز میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ہوٹل کے عملے کے 40 ملازمین بھی کورونا کا شکار ہوگئے جس کے بعد عملے کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بڑا کھلاڑی بھی سزا سے نہیں بچ سکے گا۔

دریں اثنا پاکستان سپر لیگ 7 کی ٹرافی کی رونمائی کراچی میں کر دی گئی۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم کے مزید 8 ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد سکیورٹی آفیسر سمیت 17 ملازمین کورونا میں مبتلا ہیں۔
 

Advertisement