پی ایس ایل 7: سرفراز اور رضوان کا ٹاکرا شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز ہوگا

Published On 19 January,2022 06:20 pm

لاہور:(ویب ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے ساتویں ایڈیشن میں پاکستان کے دو صف اول کے وکٹ کیپرز سرفراز احمد اور محمد رضوان اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کریں گے۔ وکٹ کیپنگ کے بعد کپتانی کی مشترکہ ذمہ داری کے باعث ان دونوں کا ٹاکرا شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے مطابق پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد پاکستان کے سابق کپتان رہ چکے ہیں اورپاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 1189 رنز بناچکے ہیں۔

اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شمار ان تین ٹیموں میں ہوتا ہے جن کی پی ایس ایل میں جیت کی شرح 50 فیصد سے زائد ہے۔

اسی طرح ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ہیں جنہوں نے 2021 میں سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل رنز 1326 رنز بنائے ، 119 چوکے اور 42 چھکے داغے اور اس دوران انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 1سنچری اور 12 نصف سنچریاں سکور کیں۔

دونوں ٹیمیں اب تک 7 مرتبہ ایونٹ میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں 4 مرتبہ کامیابی کا سہرا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سر سجا ہے۔ پی ایس ایل 7 میں دونوں ٹیمیں 31 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی اور 18 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنا ان کے لیے ہمیشہ سے ایک خوشگوار تجربہ رہا ہے، بلاشبہ ان 6 برسوں میں گلیڈی ایٹرز کو کئی اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا تاہم ہر مشکل میں ان کی ٹیم ایک یونٹ بن کر کھڑی اور یہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مستقل مزاجی کا ایک ثبوت بھی ہے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ انہوں نے ملتان سلطانز کو گزشتہ سال ہی جوائن کیا ہے ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہمیشہ سے ایک مضبوط حریف رہی ہے، ان کی ٹیم کا سکواڈ متوازی ہے، جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ 27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے، خواہش ہے اس ایڈیشن میں گزشتہ سال سے بھی بہتر کارکردگی پیش کرسکیں۔
 

Advertisement