راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کے دورے پر آئے آسٹریلوی سپنر نیتھن لیون نے کہا ہے کہ ہرمیچ جیتنے کیلئے جاتے ہیں اور پاکستان سے یہ میچ تین صفر سے جیت کر جانا ہمارا ہدف ہے، پاکستان میں خود کو محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
لیون کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ میں دنیا کے بڑے بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم کے خلاف باؤلنگ کے چیلنج سے لطف اندوز ہوں گے۔ نیتھن نے کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کے پہلے دن سے ہمیشہ کہا ہے کہ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں سے مقابلہ کرنا چاہتا ہوں اور بابر یقیناً ان میں سے ایک ہیں۔ آسٹریلیا کا پاکستان میں کرکٹ کھیلنا ورلڈ کرکٹ اور پاکستانی مداحوں کیلئے اہم ہے، نہ صرف آسٹریلیا بلکہ پاکستان میں بھی آسٹریلوی کھلاڑی رول ماڈل بن سکتے ہیں۔
لیون کا ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں 24 سال بعد آئے ہیں اور بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹیسٹ چیلنجنگ ضرور ہوگا لیکن ہم تیاری پوری کر رہے ہیں، پاکستان میں مہمان نوازی کمال کی ہے اور ہم خوب انجوائے کر رہے ہیں۔