لاہور:(دنیا نیوز) آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز سے پہلے پاکستانی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگ گیا، کھلاڑیوں کی انجریز کے بعد حارث رؤف کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔
راولپنڈی میں آسٹریلوی ٹیم 24 سال بعد پہنچ چکی ہے، 3 ٹیسٹ میچز کی تیاریاں عروج پر ہیں، اس حوالے سے قومی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگ گیا ہے، حسن علی اور فہیم اشرف کی انجری کے بعد فاسٹ باؤلر حارث رؤف کورونا کا شکار ہو گئے۔ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایکسپریس باؤلر آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کینگروز کے خلاف تاریخی سیریز 4 مارچ سے شروع ہو گی۔
دوسری جانب پریکٹس سیشن کے دوران شاہین شاہ آفریدی کی گیند اظہر علی کو لگ گئی اور بیٹر پچ پر ہی گر گئے، فزیو اور کھلاڑی پاس پہنچے۔
ذرائع کے مطابق مڈل آرڈر بیٹسمین 24 گھنٹے آبزرویشن میں رہیں گے، اظہر علی کو چوٹ نہیں لگی لیکن آبزرویشن ضروری ہے، گیند لگنے کے بعد بیٹر نے فلیڈنگ اور کیچنگ پریکٹس بھی کی۔
اُدھر قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کورونا وائرس کا شکار ہو کر آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ سکواڈ میں نسیم شاہ کو شامل کر لیا گیا ہے۔