اسلام آباد:(دنیا نیوز) مودی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں اور سازشوں سے باز نہ آئی، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی روکنے کیلئے ایک اور بھارتی سازش بے نقاب ہوگئی، 24 سال بعد دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغامات دیئے جانے لگے اور انسٹاگرام پر فیک اکاؤنٹ کا استعمال کیا گیا، دھمکیوں کے پیچھے بھارتی شہری مرائدل تیواڑی نکلا جس کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آگئے ہیں۔
26 فروری کو پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ایک رکن کے خاندان کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے، پیغامات میں انہیں پاکستان جانے پر خطرناک نتائج بھگتنے کی دھمکی ملی، ایسی حساس معلومات تک رسائی اور ترسیل صرف خفیہ ایجنسیز کے پاس ہی ہوسکتی ہیں اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پہلے کیطرح اِس بار بھی بھارتی حکومت کے ایما پر یہ سازش بُنی گئی۔
رپورٹس کے مطابق بظاہردھمکی آمیز پیغامات بھجوانے کے لیے انسٹا گرام پر فیک اکاؤنٹ کا استعمال کیا گیا، اس دھمکی آمیز پیغام کے پیچھے بھارتی گجرات میں مقیم مرائدل تیواڑی کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں، مرائدل تیواڑی بھارتی گجرات میں آئی ایم سی لمٹیڈ میں بطور انوائرمینٹل، ہیلتھ اور سیفٹی آفیسر کے طور پر کام کرتا ہے۔
بھارتیوں کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشل کرکٹ کی بحالی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا یہ طریقہ کار پہلے ہی استعمال کیا جاچکا ہے، ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان سے روکنے کے لیے دھمکیاں دی گئیں، آئی پی ایل میں شامل نہ کرنے کی باتیں تو ویسٹ انڈین پلیئر نے سوشل میڈیا پر شیئر کردیں۔
آسٹریلیا نے مکمل سکیورٹی چیکنگ کے بعد پاکستان کو محفوظ ملک قرار دیا، آسٹریلیا نے 24 سال بعد اپنی ٹیم بھیجی جو راولپنڈی میں اپنے میچز کھیلے گی، ایک بار پھر بھارتیوں نے پرانا طریقہ واردات آزمایا اور اس باربغل میں چھری رکھنے والے بروقت بے نقاب ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلوی کرکٹرز کے خاندان کو بھارت کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے حوالے سے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو دھمکی آمیز میسجز اور پوسٹ سے مکمل باخبر ہیں، ہماری سیکورٹی ایجنسیز دونوں بورڈز سے رابطے میں ہیں اور واقعے کی تحقیقات کررہی ہیں۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا سرگرمیوں کے لیے جامع سیکورٹی پلانز ترتیب دیئے گئے ہیں اور اس حوالے سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔