چوبیس سالہ انتظار ختم، پاکستان اور آسٹریلیا کل پہلے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گے

Published On 03 March,2022 12:23 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چوبیس سال کا طویل انتظار ختم ہونے کو ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کل پہلے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گے، راولپنڈی میں صبح 10 بجے کرکٹ ایکشن شروع ہو گا۔

پاکستان میں کرکٹ کی بہار آ گئی، ٹی 20 کے بعد اب ریڈ بال کا ایکشن ہو گا۔ راولپنڈی میں میدان لگے گا، پاکستان اور آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گے۔ بارش کی انٹری سے میچ کی تیاریوں میں خلل پڑ گیا، تیسرے روز کا پریکٹس سیشن معطل کردیا گیا۔

قومی کپتان بابر اعظم نے آسٹریلوی دورہ کو تاریخ ساز قرار دے دیا، دوسری جانب آسڑیلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں تین فاسٹ بولرز اور دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے، امید ہے بارش سے پچ زیادہ متاثر نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کس ترتیب سے کھلانی ہے پچ دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

پیٹ کمنز نے مزید کہا کہ میچ کے سب ٹکٹ بک گئے جو خوشی کی بات ہے، فل ہاؤس کے سامنے کھیلنے کا مزہ آتا ہے، بارش سے پچ زیادہ متاتر نہیں ہو گی ، امید ہے پچ سے فاسٹ بولرز کو مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک ہونے والے ٹیسٹ مقابلوں میں آسٹریلیا کو پاکستان پر واضح برتری حاصل ہے ، 66 ٹیسٹ میچز میں 33 مرتبہ جیت کینگروز کا مقدر بنی، 15 بار شاہینوں نے میدان مارا جبکہ 18 میچز بے نتیجہ ختم ہوگئے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی تاریخی سیریز کو بینو قادر ٹرافی کا نام دیا گیا ہے۔