لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان میں موجود آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بیٹر مارنس لبوشین 'دال روٹی' کے دیوانے ہوگئے۔
24 سال بعد پاکستان آنے والی آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جہاں پاکستانیوں کے کھیل کے لئے جوش و جذبے کو داد دے رہے ہیں تو وہیں پاکستانیوں کی میزبانی کی بھی کھل کر تعریف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر موجود آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے کہا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سب کچھ مثبت ہے، یہاں بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں۔
اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اپنے نام کے تلفظ کی وجہ سے موضوع بحث بننے والے کینگرو بلے باز مارنس لبوشین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی کھانے دال روٹی کو مزیدار قرار دیتے ہوئے تصویر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ دوپہر کے کھانے میں دال روٹی ۔
Daal and roti for lunch too. Delicious pic.twitter.com/w5KgimFo1N
— Marnus Labuschagne (@marnus3cricket) March 11, 2022
پاکستانیوں کی مشکل آسان، مارنس لبوشین نے اپنے نام کا درست تلفظ بتا دیا
دورہ پاکستان پر موجود آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بیٹر مارنس لبوشین نے پاکستانیوں کی مشکل کو آسان کرتے ہوئے ان کے نام کے تلفظ کے حوالے سے کشمکش کو آخر کار دور کردیا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی بیٹر کے نام کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اور پنڈی سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب سے بھی پوچھا گیا تھا کہ آخر ان کے نام کو کیسے پکارا جائے اور تلفظ کی درست ادائیگی کیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں قومی ٹیم کے بیٹر شان مسعود آسٹریلوی بیٹر سے انٹرویو کر رہے ہیں۔
اپنے نام کے تلفظ کے حوالے سے سوال پر آسٹریلوی بیٹر نے بتایا کہ آپ لوگوں کی زبان میں چونکہ ’ڑ اور خ‘ کا تلفظ موجود ہے اس لیے یہاں میرے نام کی ادائیگی آسان ہے، میرے نام کا ٹھیک تلفظ ’مارنس لبوسکاخنی‘ ہے۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں مارنس لبوشین نے کہا کہ پاکستانی سپنرز کو 2005 سے دیکھ رہا ہوں کہ وہ وکٹ لینے کے لیے کس طرح سے باؤلنگ کرتے ہیں لیکن جب آپ پیس، سیم اور سپن وکٹوں کے بعد ایک مختلف جگہ پر کھیلتے ہیں تو آپ کو مختلف تکنیک اپنانی پڑتی ہیں کیونکہ پاکستان میں گیند بہت نیچے رہتی ہے۔
کینگرو بیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسی وکٹوں پر آف سپن، لیگ سپن اور سویپ شاٹس بہتر کرنی پڑتی ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم میں شامل مڈل آرڈر بیٹر نے پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 90 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔