لاہور: (روزنامہ دنیا) آئی سی سی کے فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے فیصلے کو قبول کرتا ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے پاکستان کے کسی وینیو کو ڈی میرٹ پوائنٹ ملا۔ ترجمان پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایسی وکٹیں بنانے کیلئے کوشاں ہے جس میں یکساں مقابلہ ہو۔
خیال رہے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ میں استعمال ہونیوالی پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو غیر معیاری قرار دیا تھا۔ آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے اپنی رپورٹ میں وکٹ کو معیار سے کم قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پانچ روز میں پچ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ وکٹ پر نہ فاسٹ بولرز کیلئے کچھ تھا اور نہ ہی سپنرز کو کوئی مدد مل سکی لہذا پنلٹی کے طور پر راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔