کراچی میں ریورس سوئنگ ہوئی تو مچل سٹارک خطرناک ثابت ہوں گے: پیٹ کمنز

Published On 11 March,2022 10:54 am

کراچی: (دنیا نیوز) آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم کی تاریخ ہے کہ سپینرز زیادہ کامیاب ہوتے ہیں، کراچی میں ریورس سوئنگ ہوئی تو مچل سٹارک خطرناک ثابت ہوں گے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے پری میچ ورچوئل ویڈیو کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ پاکستان میں کھیل رہے ہیں، یہاں لوگوں نے بہت زیادہ پیار دیا اور خیال رکھا ہے۔ راولپنڈی میں ہم نے اچھی بیٹنگ کی، بولنگ میں نے صرف چار وکٹیں لیں جس میں بہتری کی ضرورت ہے، دنیا میں سب ہی ٹیمیں اپنی ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیتھن لائن اور لیگ سپنر مچل سویپسن کراچی میں بڑا فرق ڈال سکتے ہیں، کراچی میں ریورس سوئنگ ہوسکتی ہے ، ایسا ہوا تو مچل سٹارک خطرناک ثابت ہوں گے، سویپسن کے آنے سے سپن ڈیپارٹمنٹ مضبوط ہوا لیکن اسٹیو سمتھ بھی ایک آپشن ہے۔

پیٹ کمنز نے اعتراف کیا کہ نعمان علی نے راولپنڈی میں بہترین بولنگ کی،ایلکس کیری کے واقعہ پر اب بھی ہنسی آ رہی ہے، آج صبح ایک اور اینگل سے ویڈیو ملی تو ہم اسے انجوائے کر رہے ہیں۔

دوسری جانب شاہین کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں بلے بازوں نے اچھی بیٹنگ کی، اس تسلسل کو برقرار رکھیں گے، دونوں ٹیموں کے لیے کنڈیشنز ایک جیسی ہیں، آسٹرلیا کی ٹیم ورلڈ کلاس ہے، کراچی کی پچ سپوٹنگ لگ رہی ہے، ٹیسٹ چیمپئن شپ ہے اس میں پوائنٹس لینے ہیں، بارش نہ ہوتی تو پہلا ٹیسٹ نتیجہ خیز ہوتا۔
 

Advertisement