لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے دورے پر موجود آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سب کچھ مثبت ہے، یہاں بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں۔
جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ بے جان تھی، امید ہے کراچی میں وکٹ ایسی ہوگی جس سے فینز کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ لگتا ہے یہاں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا زیادہ مفید ہوگا۔ وکٹ دیکھ کر فائنل الیون کا فیصلہ کریں گے۔ اہم یہ ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں ہم اپنے گیم پلان کے مطابق کھیلیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی کراچی کی وکٹ نہیں دیکھی، وکٹ پرباؤنس یا پیس نہ ہو تو فاسٹ باؤلرز کے لیے کھیلنا مشکل نہیں ہوتا۔ پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں، کوشش ہے اپنی موجودگی سے فینز کو محظوظ کریں۔ کھیل کے دوران انجوائے کرنا چاہیے۔ شائقین کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں اس لیے ان کے ساتھ انجوائے کرتا ہوں۔
آسٹریلوی اوپننگ بلے باز کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سب کچھ مثبت ہے، یہاں بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں، کراؤڈ نے بھی آسٹریلیوی ٹیم کو سپورٹ کیا۔ اسلام آباد بہت خوبصورت جگہ ہے، اس دورے کے انعقاد کا کریڈٹ بہت سے لوگوں کوجاتا ہے، پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس دورے کے لیے بہت کام کیا۔
ڈیوڈ وارنر نے بتایا کہ وہ شین وارن بننا چاہتے تھے، کیریر بھی بولر کی حیثیت سے شروع کیا تھا۔