ٹیسٹ رینکنگ: اظہر علی بیٹنگ میں 12 ویں پوزیشن پر قابض

Published On 10 March,2022 08:07 am

کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد آئی سی سی نے اپ ڈیٹ ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق بیٹنگ کے شعبے میں پاکستانی کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف 185 رنز بنانے والے اظہرعلی نے دس درجے بہتری کے بعد بارہویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے جبکہ عبداللہ شفیق کیریئر کے تیسرے ٹیسٹ میں اولین سنچری سکور کر کے 27 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 67 نمبر پر براجمان ہو گئے۔

بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچریوں کا صلہ کیریئر بیسٹ 63ویں نمبر کی صورت حاصل کیا جو 477 پوائنٹس کے مالک بن گئے ہیں جبکہ کپتان بابر اعظم کی نویں پوزیشن اپنی جگہ قائم ہے۔ آسٹریلین کرکٹر مارنوس لبوسکاخنی اگرچہ پاکستان کیخلاف سنچری سے محروم رہے لیکن ان کے 90 رنز انہیں 936 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

ٹاپ ٹین میں آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ تیسرے اور ٹریوس ہیڈ ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔ باؤلنگ کے شعبے میں آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز کی 892 پوائنٹس کے ساتھ حکمرانی قائم ہے جبکہ جوش ہیزل ووڈ کا نواں نمبر ہے تاہم پاکستان کے شاہین آفریدی چوتھے نمبر پر براجمان ہیں مگر راولپنڈی میں چھ وکٹیں لے کر بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی نے 19 درجے کی ترقی سے 51 واں نمبر یقینی بنا لیا۔

سری لنکا کیخلاف حالیہ سیریز میں بھارت کیلئے عمدہ کارکردگی کے مالک رویندرا جدیجا نے آل راؤنڈرز کی فہرست میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی جس کے سبب ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر اور بھارت کے روی چندرن ایشوین کی ایک،ایک درجے تنزلی ہو گئی۔
 

Advertisement