لاہور:(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے ساتھ سہ ملکی سیریز کی خواہش کا اظہار کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا، پاکستان اور بھارت کے ساتھ سیریزکی میزبانی کی مخالفت نہیں کرے گا، مجھے سہ ملکی سیریز کا فارمیٹ پسند ہے کیونکہ ماضی میں ایسی سیریز کامیاب رہیں، آسٹریلیا میں بھارت اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد رہتی ہے۔
نک ہاکلے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ دنیائے کرکٹ میں دیکھا جاتا ہے، دونوں ملکوں کے مقابلوں کیلئے مواقع فراہم ضرور کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے مابین مقابلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ایشیا کپ کی جانب سے منظور شدہ ایونٹس تک ہی محدود رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں نے آخری بار 2012 میں دو طرفہ سیریز کھیلی تھی اور 2008 کے بعد سے کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے جنوری میں چار ملکی ٹی 20 سیریز کی تجویز پیش کی تھی جس میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل تھیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ہاکلے نے کہا کہ ان کے بورڈ نے اس تجویز پر بات نہیں کی ہے لیکن وہ پاکستان اور بھارت کی سہ فریقی سیریز کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔