لاہور:(ویب ڈیسک) دورہ پاکستان پر موجود آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بیٹر مارنس لبوشین نے پاکستانیوں کی مشکل کو آسان کرتے ہوئے ان کے نام کے تلفظ کے حوالے سے کشمکش کو آخر کار دور کردیا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی بیٹر کے نام کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اور پنڈی سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب سے بھی پوچھا گیا تھا کہ آخر ان کے نام کو کیسے پکارا جائے اور تلفظ کی درست ادائیگی کیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں قومی ٹیم کے بیٹر شان مسعود آسٹریلوی بیٹر سے انٹرویو کر رہے ہیں۔
@shani_official chats with @marnus3cricket about the First Test, the art of batting on Pakistan pitches and settle the pronunciation debate once and for all!
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 9, 2022
Full video: https://t.co/bTGR3R8Wup #PAKvAUS l #BoysReadyHain pic.twitter.com/V78QnlFTzO
اپنے نام کے تلفظ کے حوالے سے سوال پر آسٹریلوی بیٹر نے بتایا کہ آپ لوگوں کی زبان میں چونکہ ’ڑ اور خ‘ کا تلفظ موجود ہے اس لیے یہاں میرے نام کی ادائیگی آسان ہے، میرے نام کا ٹھیک تلفظ ’مارنس لبوسکاخنی‘ ہے۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں مارنس لبوشین نے کہا کہ پاکستانی سپنرز کو 2005 سے دیکھ رہا ہوں کہ وہ وکٹ لینے کے لیے کس طرح سے باؤلنگ کرتے ہیں لیکن جب آپ پیس، سیم اور سپن وکٹوں کے بعد ایک مختلف جگہ پر کھیلتے ہیں تو آپ کو مختلف تکنیک اپنانی پڑتی ہیں کیونکہ پاکستان میں گیند بہت نیچے رہتی ہے۔
کینگرو بیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسی وکٹوں پر آف سپن، لیگ سپن اور سویپ شاٹس بہتر کرنی پڑتی ہیں۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم میں شامل مڈل آرڈر بیٹر نے پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 90 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔