لاہور:(دنیا نیوز) سابق آسٹریلوی سپنر شین وارن کے انتقال پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کو آنجہانی کرکٹر کے نام کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے شین وارن کے انتقال پر کرکٹ آسٹریلیا کو تعزیتی مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔
مراسلے میں شین وارن کی کرکٹ کے لئے خدمات کو سراہا گیاجبکہ انتقال پر اہل خانہ اور کرکٹ آسٹریلیا سے تعزیت کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ شین وارن کا انتقال عالمی کرکٹ پر بڑا نقصان ہے۔
دوسری جانب پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن شین وارن کے نام کردیا گیا ہے جبکہ میچ سے قبل خاموشی اختیار کی جائے گی، پاکستان اور آسٹریلین کرکٹ ٹیم کالی پٹیاں باندھ کر میدان میں اترینگی اور لیجنڈری کرکٹر کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ آسٹریلوی سپن لیجنڈ شین وارن 52 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔