دوسرا ون ڈے میچ: امام اور بابر کی سنچریاں، پاکستان نے رنز کا کوہ ہمالیہ سر کر لیا

Published On 31 March,2022 05:56 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) امام الحق کی سنچری اور بابر اعظم کی قائدانہ اننگز کی بدولت پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 349 رنز کا کوہ ہمالیہ 6 وکٹ سے سر کر کے تین میچوں کی سیریز 1،1 سے برابر کر دی ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی قائد ایرون فنچ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان اننگز

 آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 349 رنز کا ہدف پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور امام الحق کی سنچری کی بدولت 49 اوورز میں صرف 4 وکٹ کے نقصان پر352 رنز بنا کر حاصل کرلیا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے ایک مرتبہ پھر اپنی بلے بازی سے مخالف ٹیم پر دھاک بٹھا دی اور اپنے کیریئر کی 15 اور بطور کپتان چوتھی سنچری سکور کرکے آسٹریلیا کے خلاف یہ اعزاز حاصل کرنے والے والے پہلے قائد بن گئے، انہوں نے 1 چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 83 گیندوں پر 114 رنز کی اننگز کھیلی۔

امام الحق نے ایک مرتبہ پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری جڑ دی، انہوں نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 97 گیندوں پر 106 رنز بنائے، محمد رضوان 26 گیندوں پر 23 رنز بناکر پویلین لوٹے، خوشدل شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے، افتخار احمد بھی 11 سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے ایڈم زمپا نے 2، نیتھن ایلس اور مارکس سٹوئنس نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا اننگز

پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 348 رنز بنائے، بین مک ڈرموٹ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 108 گیندوں پر 104 رنز کی باری کھیلی، ٹریوس ہیڈ 89 اور کپتان فنچ صفر،مارنس لبوشین 59، الیکس کیری، کیمرون گرین 5،5،مارکس سٹوئنس 49 اور شان ایبٹ 28 سکور بناکر آؤٹ ہوئے۔

بابر الیون کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم جونیئر نے 2، زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان سکواڈ

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لئے پاکستان کے سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زاہد محمود شامل تھے۔

آسٹریلیا سکواڈ

پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لئے آسٹریلوی سکواڈ میں کپتان ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ، بین مک ڈرموٹ، مارنس لبوشین، مارکس سٹوئنس، ایلکس کیری، کیمرون گرین، شان ایبٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زمپا اور مچل سویپسن شامل تھے۔
 

Advertisement