بابر اعظم نے مزید کئی نئے ریکارڈز پر اپنا قبضہ جما لیا

Published On 03 April,2022 07:54 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابر اعظم نے سیریز میں 276 رنز بنائے جو تین میچوں کی سیریز میں کسی پاکستانی بیٹر کی جانب سے چوتھی بہترین کارکردگی ہے جبکہ امام الحق کے 298 رنز تیسرے نمبر پر ہیں البتہ یہ دونوں کارنامے بابر اعظم کے دو ہزار سولہ اور سترہ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں 360 رنز سے پیچھے ہیں۔

کیریئر کی 16 ویں سنچری سکور کر کے بابر اعظم نے 15 سنچریوں کے مالک محمد یوسف کو پیچھے چھوڑا اور پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے کیونکہ سعید انور کی 20 سنچریاں بدستور ٹاپ پر ہیں۔

بابر اعظم نے اپنی 16 ویں ون ڈے سنچری 84 ویں اننگز میں بنائی یوں انہوں نے کم سے کم اننگز میں اس سنگ میل تک رسائی کے ساتھ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا کو نیچے دھکیل دیا۔ پاکستانی کپتان کی حیثیت سے ریکارڈ پانچ سنچریاں بنانے والے بابر اعظم کیریئر میں سنچریوں کی سب سے بہتر اوسط 19.04 کی بدولت کم از کم 30 اننگز میں بیٹنگ کرنے والے تمام بیٹرز میں بھی سرفہرست ہو گئے ہیں۔
 

Advertisement