قومی کرکٹرز کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں ردو بدل کا امکان

Published On 27 April,2022 08:33 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ ری نیو ہونے جا رہے ہیں، کھلاڑیوں کی تنزلی کا بھی امکان ہے ، جب کہ حسن علی، فہیم اشرف، اور یاسر شاہ کے مستقبل کا بھی فیصلہ ہوگا۔

20 قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہو جائے گی،پی سی بی نے 4 کیٹگریز اے ، بی، سی اور ایمرجنگ میں کنٹریکٹ دئیے تھے ، اب یکم جولائی سے پی سی بی قومی کرکٹرز کو نئے سنٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کرے گا۔

ذرائع کے مطابق خوشدل شاہ، وسیم جونیئر، محمد حارث کو سنٹرل کنٹریکٹ دئیے جانے کا امکان ہے ، اے کیٹیگری سے حسن علی کی تنزلی کا امکان ہے ، جب کہ فہیم اشرف کے لیے جگہ بنانا مشکل دکھائی دیتا ہے ۔بی کیٹیگری میں شامل یاسر شاہ اور عمران بٹ کے لیے بھی قومی ٹیم میں جگہ بنانا دشوار ہے ، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر اور سابق کپتان سرفراز احمد کے نام پر بحث ہوگی، اسی طرح شان مسعود اور حیدر علی کے ناموں پر بھی غور ہوگا۔عید کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے تفصیلی میٹنگز کا آغاز ہوگا۔
 

Advertisement