کہیں نہیں جا رہا، اتنے پنگے لیے ہیں اب تو کمنٹری بھی نہیں ملنی: رمیز راجہ

Published On 29 June,2022 02:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ مجھے پتہ ہے میں کہیں نہیں جا رہا، کیا اسٹیمپ پیپر پر لکھ دوں، مجھے پتہ ہے آپ لوگ چاہتے ہیں کہ میں چلا جاؤں، میں نے بورڈ میں اتنے پنگے لیے ہیں کہ اب تو کمنٹری بھی نہیں ملنی۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر لیگ کا لانچ کرنا بیک اپ کی سہولت ہوگا، پاکستان جونیئر لیگ میں 6 فرنچائز کے لیے 30 کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کیا ہے، اُمید ہے پاکستان جونیئر لیگ بہت کامیاب ہوگی، پی سی بی کا یہ پہلا بورڈ ہے جو جونیئر لیگ کرا رہا ہے۔

رمیز راجہ نے بتایا کہ پاکستان جونیئرلیگ کیلئے شاہد آفریدی، شعیب ملک، ڈیرن سیمی آئیکون پلیئر ہوں گے جبکہ سابق کپتان جاوید میانداد کو بھی جونیئر لیگ میں شامل کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک ہی گیم رہ گئی ہے جس سے ہمارے جذبے جڑے ہوئے ہیں، ہر روز ایک اچھے عمل کی نیت کر کے گھر سے جاتا ہوں، نیت صاف ہو تو پھل ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے کرکٹ کا بمپر سیزن ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں، ایشیا کپ، ورلڈ کپ بھی اسی سیزن میں شامل ہے، میرا فوکس ٹیم کی پرفارمنس پر ہے، اچھی بات یہ ہے کہ فینز ٹیم کو اون کر رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران رمیز راجہ نے پاتھ وے پروگرام کے بارے میں بتایا کہ کھلاڑیوں کو 30 ہزار ماہانہ بھی دیا جائے گا، پراجیکٹ کا مطلب صرف کرکٹر ہی نکالنا نہیں بلکہ زندگیاں بدلنا ہے۔
 

Advertisement