پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن 23-2022 کا کیلنڈر جاری کردیا

Published On 26 July,2022 12:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن 23-2022 کا کیلنڈر جاری کردیا، کرکٹ سیزن کا آغاز 33 میچز پر مشتمل نیشنل ٹی 20 کپ سے ہوگا۔

راولپنڈی اور ملتان میں کھیلا جانے والا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 19 ستمبر تک جاری رہے گا، اس طرز کی کرکٹ میں سیکنڈ الیون ٹیموں پر مشتمل کرکٹ ایسوسی ایشنز کپ 2سے 15 ستمبر تک کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔

قائداعظم ٹرافی 27 ستمبر سے 30 نومبر تک کھیلی جائے گی، ٹورنامنٹ کے 31 میچز ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سیکنڈ الیون ٹیمیں بھی انہی شہروں میں منعقدہ کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ میں 27 ستمبر سے 23 نومبر تک مدمقابل آئیں گی، سیزن کا اختتام پاکستان کپ سے ہوگا، 33 میچز پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 10 دسمبر سے 3 جنوری تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔

سیکنڈ الیون ٹیموں کا کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج بھی 10 سے 29 دسمبر تک کراچی میں ہی کھیلا جائے گا، 30 اگست سے 3 جنوری تک جاری رہنے والے 127 دنوں پر مشتمل اس سیزن میں کل 187 میچز کھیلے جائیں گے۔
 

Advertisement