ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی جیت بابر اعظم کی کارکردگی پر منحصرہوگی: رکی پونٹنگ

Published On 27 July,2022 12:17 pm

میلبورن: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی جیت کا انحصار کپتان بابر اعظم کی ٹورنامنٹ میں کارکردگی پر ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈیجیٹل پروگرام میں بات کرتے ہوئے رکی پونٹنگ نے کہا کہ اگر بابراعظم ٹی 20 ورلڈکپ 2022 میں اچھا کھیل پیش نہیں کرتے تو مجھے نہیں لگتا پاکستان جیت سکتا ہے۔

رکی پونٹنگ نے کہا میں نے اسے کچھ سال پہلے یہاں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قریب سے اور ذاتی طور پر دیکھا تھا اور میں نے اس وقت کہا تھا کہ جہاں تک ٹیسٹ میچ بیٹنگ کا تعلق ہے اس آدمی کے لیے آسمان ہی حد ہے، بابر شاید پچھلے 2 سالوں میں مزید بہتر ہوگیا ہے۔

سابق آسٹریلوی کپتان کے مطابق پاکستان کے اوپنرز بہت اہم ہیں اور ان کے نئے گیند کرنے والے بولرز بھی اہمیت رکھتے ہیں لیکن آسٹریلیا میں سپن بولرز کا کردار وکٹوں کے حوالے سے کچھ زیادہ مشکل ہو سکتا ہے جو شاید انہیں مدد نہیں دے۔
 

Advertisement