لارڈز: (دنیا نیوز) جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 12 رنز سے عبرتناک شکست دیدی۔
جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 326 اور انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 165 رنز بنائے، جمعہ کو لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنے گزشتہ روز کے سکور 289 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، جانسن 41 اور ربادا 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، انگلش باؤلرز نے جنوبی افریقہ کی بقیہ وکٹیں جلد ہی حاصل کرلیں، ربادا گزشتہ روز کے سکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے آؤٹ ہوگئے، جانسن 48 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اینرچ نورکیا 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈ کے سٹورٹ براڈ اور بین سٹوکس نے تین تین کٹیں حاصل کیں۔ اس طرح جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے پہلی اننگز میں 161 کی برتری حاصل ہوگئی۔ انگلینڈ ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا بھی مایوس کن آغاز کیا اور پوری ٹیم 149 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ انگلش بیٹرز جنوبی افریقی باؤلرز کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ ایلکس لیس اور سٹورٹ براڈ 35,35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر وکٹ پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا۔ کپتان بین سٹوکس 20 اور جونی بیرسٹوو 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر اینرچ نورکیا نے 3، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج اور مارکو جانسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لونگی نگیدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، اس طرح انگلش ٹیم کو لارڈز کے تاریخی گرائونڈ میں اننگز اور 12 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا کو میچ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، بین سٹوکس کے باقاعدہ کپتانی سنبھالنے کے بعد انگلینڈ ٹیم کی یہ پہلی ناکامی ہے۔