17 سالہ طویل انتظار ختم، انگلینڈ کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان

Published On 22 August,2022 03:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) 17سال کا طویل انتظار ختم، قومی ٹیم کا انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم سے 5 دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ممالک کے مابین 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بقیہ 2 میچز 9 اور 17 دسمبر کو شروع ہوں گے، میچز بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے گی، پاکستان اس وینیو پر 12 میچز کی میزبانی کرچکا ہے جس میں سے 5 میں میزبان ٹیم کو فتح اور 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس وینیو پر اب تک کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان نے تین میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔

سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک کراچی میں شیڈول ہے، جبکہ پاک انگلینڈ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، پاکستانی ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔