آخری ون ڈے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست، پاکستان نے وائٹ واش کردیا

Published On 21 August,2022 09:50 pm

روٹرڈیم:(ویب ڈیسک) پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدر لینڈز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 9 رنز سے شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

نیدر لینڈز کے شہر روٹرڈیم میں کھیلے گئے آخری ایک روزہ میچ کے لئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیدر لینڈز بیٹنگ

207 رنز ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی ٹیم نے سخت مقابلہ کیا تاہم پوری ٹیم آخری اوور میں ہمت ہار گئی اور 49 اعشاریہ 2 اوورز میں 197 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، ٹام کوپر نے سب سے زیادہ 62 رنز کی اننگز کھیلی، وکرم جیت سنگھ 50 سکور بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کراتے ہوئے 5 مخالف بیٹر کو ٹھکانے لگایا، محمد وسیم جونیئر نے 4 وکٹ حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

پاکستان بیٹنگ

میزبان ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے 49 اعشاریہ 4 اوورز میں 206 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اوپنر عبداللہ شفیق صرف 2 اور فخر زمان 26 رنز بناکر پویلین لوٹے، کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، تاہم وہ بدقسمتی سے نروس نائنٹی کا شکار ہوگئے اور 2 چھکوں، 7 چوکوں کی مدد سے 125 گیندوں پر 91 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، محمد نواز نے 27 اور آغا سلمان نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیدر لینڈز کی جانب سے باس ڈی لی ڈی نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ویویان کنگما نے 2، آریان دت، شاریز احمد اور لوگان وان بیک نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔