ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کی بحالی پر حفیظ، کامران اکمل وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور

Published On 25 August,2022 07:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کو بحال کیے جانے کے بعد قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان می قومی ٹیم کے ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل نے لکھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا محکمانہ کھیلوں کی بحالی کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ واقعی ایک قابل تحسین فیصلہ ہے۔گزشتہ چند سال تمام کھلاڑیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے بہت مشکل رہے ۔ سب بے روزگار تھے اور ان کے پاس اپنے خاندانوں کی کفالت کا کوئی ذریعہ نہیں تھا۔ وزیر اعظم صاحب بہت بہت شکریہ۔

دوسری طرف قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹویٹر پر لکھا کہ میں اپنے دوستوں مصباح الحق اور اظہر علی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے لیے میرے ساتھ آواز اٹھائی اور ثابت قدم رہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی سے ہمارے ملک کے تمام کھلاڑیوں کو مواقع اور مالی مدد ملے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں۔