وزیراعظم کا سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، بحالی کے کاموں پر بریفنگ

Published On 26 August,2022 02:11 pm

سکھر (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم کا سکھر پہنچنے پر بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور خورشید شاہ نے استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر اعظم کو سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں، ریلیف اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

ضلعی انتظامیہ اور پی ایم ڈی اے نے بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ سندھ میں فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ کھجور اور کپا س کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بعض علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، جبکہ شہر اور دیہاتوں کا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ سندھ میں 43فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں، فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرین کو ادویات اور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی اپیل پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور وزیر توانائی خرم دستگیر کو سیلابی صورتحال کنٹرول میں آنے تک سندھ میں ہی رہنے کی ہدایت کی۔

اس سے پہلے وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، ایاز صادق بھی ان کے ہمراہ تھے۔
 

Advertisement