راولپنڈی، اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آنے والی بدترین بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد پاک فوج کے افسران اور وفاقی کابینہ کے تمام اراکین نے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی امداد کا اعلان کر دیا، افسران نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کر دی۔
دوسری طرف وفاقی کابینہ کے تمام اراکین نے بڑا اعلان کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری طرف آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مون سون میں پاکستان کو غٖیرمعمولی بارشوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں سیلابی صورتحال ہے، پاک فوج نے متاثرہ علاقوں میں بھرپور ریسکیو، ریلیف مہم کا آغاز کر رکھا ہے، ہیڈکواٹر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے ماتحت ریلیف، ریسکیو آرگنائزیشن قائم کر دی گئی اب تک 40 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 40 ہزار افراد کو محفوظ مقامات، 137 سے زائد ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا، 200 کے قریب عارضی طبی مراکز میں 23 ہزار افراد کو طبی امداد دی گئی، متاثرین میں ٹینٹ،شیلٹر، سولر لائٹس، بستر، کمبل، چادر جمع کئے جائیں گے، متاثرین کیلئے پانی کے ٹینک، جوتے ، ترپال، راشن آٹا، گھی، چاول،دال، خشک دودھ، چینی، پتی، پینے کا پانی وصول کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق ڈائریا، آنکھ، کان، جلد کی بیماریاں، ڈینگی ملیریا، ضروری دوائیں وصول کی جائینگی، مخیر حضرات سے درخواست ہے قومی المیہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تکلیف کے مرحلے میں پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔