ایشیا کپ: بنگلا دیش کو 7 وکٹ سے شکست، افغانستان سپر فور مرحلے میں داخل

Published On 30 August,2022 10:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا ٹی 20 کپ کے تیسرے میچ میں افغانستان نے بنگلا دیش کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔

دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلا دیش اننگز

بنگال ٹائیگرز افغان باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئے اور کھل کر نہ کھیل سکے، مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر صرف 127 سکور ہی بناسکے۔

مصدق حسین سب سے زیادہ 48 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، محمود اللہ نے 25، مہدی حسین نے 14، عفیف حسین نے 12، کپتان شکیب الحسن نے 11، محمد نعیم نے 6، انعام الحق نے 5 اور مشفق الرحیم نے صرف 1 رن بنایا۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک رن آؤٹ ہوا۔

افغانستان اننگز

128 رنز کا ہدف افغانستان نے 18 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 3 وکٹ کے نقصان پر 131 رنز بناکر حاصل کرلیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے نجیب اللہ زدران نے 6 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 17 گیندوں پر سب سے زیادہ 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ابراہیم زدران نے 42 سکور بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ حضرت اللہ زازئی 23، رحمان اللہ گرباز 11 اور کپتان محمد نبی 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شکست خوردہ ٹیم کے شکیب الحسن، مصدق حسین اور محمد سیف الدین نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
 

Advertisement