بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی نے ایشیا کپ میں بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی

Published On 26 August,2022 10:36 pm

کراچی:(دنیا نیوز) دنیائے کرکٹ میں تیزی سے مقبول ہوتی جوڑی بابر اعظم اور محمد رضوان نے ایشیا کپ میں بھی حریفوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، بھارت بھی دونوں کو قابو کرنے کے لئے مخلتف منصوبے بنانے لگا۔

بے خوف کھیلنا، باؤلرز کا ڈر کے بغیر سامنا کرنا، پریشر نہ لینا اور ایک دوسرے پر اعتماد کرنا بابراعظم اور محمد رضوان کی کامیابی ہے، ٹی 20 فارمیٹ میں بابر اور رضوان کی جوڑی نا صرف چھائی ہوئی ہے بلکہ دنیا ان دونوں کی پرفارمنس سے متاثربھی ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں حکمت عملی اور اپنی محتاط بیٹنگ سے حریف ٹیم کے سامنے دیوار بن کر کھڑے رہے، دونوں شاہین انفرادی طور پر حریف ٹیموں کے لئے خطرناک ثابت ہوتے ہیں اور جب پارٹنر شپ ہوتی ہے تو مظبوط چٹان کی مانند ہو جاتے ہیں۔

بابر اور رضوان کی 197 رنز کی پارٹر شپ کو کوئی بھارتی جوڑی نہ توڑ سکی جبکہ دونوں نے اپنی چھٹی سنچری پارٹنرشپ صرف 61 گیندوں پر مکمل کی جو مختصر اوور کرکٹ کا عالمی ریکارڈ ہے۔

آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم اس وقت بھی ٹی 20 اور ون ڈے کرکٹ میں نمبر ون ہیں، یہ ہی نہیں بلککہ سال 2021 میں ٹی 20 کرکٹ میں محمد رضوان 1326 اور بابر اعظم 939 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز کے ڈھیر لگانے والوں میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں دنیا پر اپنا خوف طاری کرنے والے بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی کے خلاف اب حریف ٹیمیں خاص طور پر منصوبہ بندی کرتی ہیں جبکہ شائقین کرکٹ بھی ان کا گیم دیکھنے کے لئے بے چین نظر آتے ہیں۔
 

Advertisement