ایشیا ٹی 20 کپ: بابر اور کوہلی کی ملاقات، گرمجوشی سے ہاتھ ملانے کی ویڈیو وائرل

Published On 24 August,2022 10:50 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا ٹی 20 کپ 2022 کے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے بے صبری سے متوقع میچ سے قبل بھارتی بلے باز ویرات کوہلی اور پاکستان کے آل فارمیٹ کپتان بابر اعظم کی دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کرکٹ اکیڈمی میں ملاقات ہوگئی۔

خیال رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان 28 اگست کو بھارت کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، اس لیے سب کی نظریں ہائی سٹیک میچ پر ہوں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹؕر پر بی سی سی آئی نے ویڈیو شیئر کی جس میں آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست دو بلے باز بابر اور ویرات کی ملاقات دکھائی گئی، ملاقات میں ہاتھ ملانے اور ایک دوسرے کو سلام کرنے کے بعد گرمجوشی سے ایک دوسرے کا استقبال کیا گیا۔

ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دونوں طرف کے کھلاڑی ایک ٹریننگ سیشن کے دوران ایک دوسرے سے اپنا تعارف کرواتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے ارکان بھی تربیت کے لیے وہاں موجود تھے، ہندوستان کے کرکٹ کھلاڑی ہاردیک پانڈیا اور یوزویندر چاہل کو راشد خان اور محمد نبی جیسے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بابر نے ایک ٹویٹ میں اپنی اور کوہلی کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں آؤٹ آف فارم سابق بھارتی کپتان کے لیے اپنی حمایت ظاہر کی گئی تھی جس کا جواب کوہلی نے بھی دیا تھا۔

 

 

Advertisement