لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی امامت میں پاکستانی اور افغان کھلاڑیوں کی نماز ادا کرنے کی ویڈیو نے ایک مرتبہ پھر شائقین کرکٹ کے دل جیت لئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان دیگر ٹیموں کے ساتھ دبئی میں 27 اگست کو شروع ہونے والے ٹی 20 ایشیا کپ 2022 سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں قومی کرکٹ ٹیم اور افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ٹریننگ سیشن کے دوران ایک ساتھ نماز ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔
Pakistan and Afghanistan players praying together<3#AsiaCup2022 pic.twitter.com/RHdCUsgxlu
— Shanzay //Arubaka Birthday (@Let_go_move_on) August 24, 2022
ویڈیو میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں بشمول محمد رضوان، فخر زمان، بیٹنگ کوچ محمد یوسف، افغانستان کے کپتان محمد نبی اور دیگر کو اگلی صف میں کھڑے ہوکر نماز ادا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی جس میں پاکستانی اور افغان کھلاڑیوں ایک دوسرے کے ساتھ گلے ملنے کے بعد خوش گپیوں میں مصروف دکھائی دیئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز محمد رضوان کی بس میں دوران سفر قرآن مجید کی تلاوت کرنے کی ویڈیو میں سوشل بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔