کراچی: (دنیا نیوز) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 برس بعد پاکستان پہنچ گئی ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 7 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
جوز بٹلر کی قیادت میں 18 رکنی انگلش دستہ جعمرات کی صبح کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کو خوش آمدید کہا۔
واضح رہے کہ آخری مرتبہ انگلش ٹیم نے کپتان مائیکل وان کی قیادت میں 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی، پاکستان نے انضمام الحق کی قیادت میں ٹیسٹ سیریز دو صفر اور ون ڈے سیریز 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔
گزشتہ برس اکتوبر میں بھی انگلش ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا اور اس دورے میں دو ٹی 20 میچز راولپنڈی میں شیڈول تھے۔ تاہم سیریز سے چند روز قبل انگلش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی مسائل کو جواز بنا کر یہ دورہ ملتوی کر دیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلش بورڈ کے فیصلے پر شدید تنقید کی تھی۔