لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لئے قومی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے اور شان مسعود کو فخر زمان پر ترجیح دے دی گئی ہے جبکہ حسن علی اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کیا۔
اعلان کردہ سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور عثما قادر شامل ہیں۔
ریزرو کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حارث اور شاہنواز دھانی کو رکھا گیا جبکہ انگلینڈ کے خلاف سکواڈ کے لئے انجری کے شکار فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد اور عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 15, 2022
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک مضبوط ٹیم ہے جو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وجہ سے ہم نے ان لڑکوں پر اعتماد کیا ہے جو ورلڈ کپ 2021 کے بعد سے سکواڈ کا حصہ رہے ہیں، ہم نے ان لڑکوں پر سرمایہ کاری کی ہے، اس لیے مناسب ہے کہ انہیں لڑکوں کو ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے جس کے لیے انہوں نے سخت محنت اور تیاری کی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شاہین کے حوالے سے حوصلہ افزاء اطلاعات موصول ہورہی ہیں جب کہ وہ اگلے ماہ کے اوائل میں دوبارہ بولنگ شروع کرسکتے ہیں۔