کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئر مین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کرسیوں کی امپورٹ بند ہونے کی وجہ سے اب تک شائقین کو شادی کی کرسیوں پر بٹھا رہے ہیں۔
نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز ورلڈ کپ کی تیاری ہے، امید کرتا ہوں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے پہلے اہم سیریز ہے، کوشش کی تھی انگلینڈ کو لے کر آئیں، جب وہ روٹھ کر گئے تھے ان کو واپس لانے میں بہت محنت کی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پہلے تو یہ دیکھیں آپ ایشیا کپ کا فائنل کھیلیں ہیں یہ ہی نہیں آپ نے ایشیا کپ میں بھارت کو ہرایا ہے، قومی ٹیم کو غلطی کرنے کی تھوڑی سی لچک دیں گے یا نہیں؟ بابر اعظم کو بھی یہی سمجھاتا ہوں فینز کی یادداشت کمزور ہے، انھیں خوش کرنے کے لیے آپ کو ہر میچ جیتنا ہو گا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں انکلوژرز کی کرسیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کرسیوں کی امپورٹ بند ہونے کی وجہ سے اب تک فینز کو شادی کی کرسیوں پر بٹھا رہے ہیں تاہم اب تک جو وعدہ کیا ہے وہ نبھایا ہے۔
شاہین آفریدی کے حوالے سے رمیز راجہ نے کہا کہ شاہین کے مسئلے کو بلا ضرورت متنازع بنایا گیا ہے، کوئی کیسے کہہ سکتا ہے کہ ہم اپنے کھلاڑی کا خیال نہیں رکھتے، شاہین انگلینڈ میں ہے ، اس کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے، وہ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم میں ہوگا، فخر زمان کو بھی انگلینڈ بھیج دیا ہے، محمد رضوان کا بھی پی سی بی خیال رکھا ہوا ہے۔
دوسری جانب رمیز راجہ سابق کھلاڑیوں کی تنقید سے خفا نظر آئے انھوں نے کہا کہ سابق کھلاڑیوں کو چاہیے کہ قومی ٹیم کو بیک کریں ٹیم کی سلیکشن پر سابق کھلاڑیوں کی رائے مختلف ہوسکتی ہے۔