نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کھیلوں کی گورننگ باڈی کے عہدیداروں نے کہا کہ انڈین کرکٹ ٹیم ایشیا کپ 2023 میں شرکت کے لیے پاکستان کا سفر کر سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کا دورہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ایجنڈے میں شامل ہے، بھارتی بورڈ نے 18 اکتوبر کی سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) سے قبل جمعرات کو ریاستی بورڈز کو ایک نوٹ بھیجا تھا۔
میٹنگ کے ایجنڈے میں اگلے سال بھارتی ٹیم کی دیگر بین الاقوامی مصروفیات کے ساتھ ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کا دورہ بھی شامل ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے بھارتی ویب سائٹ کو بتایا کہ یہ ہمیشہ کی طرح حکومت کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان اگلے سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ سے قبل 50 اوورز کے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا، اگر بھارت پاکستان آتا ہے تو 2008 کے بعد ان کا پڑوسیوں کا یہ پہلا دورہ ہو گا، پچھلی بار بھارت ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان آیا تھا۔