میلبرن: (ویب ڈیسک)ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے چوتھے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے بڑے معرکے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی اوپنر اننگز کا اچھا آغاز نہ کر سکے، کپتان بابر اعظم دوسرے اوور میں ارشدیپ سنگھ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اور گولڈن ڈک پر پویلین لوٹ گئے، بعدازاں چوتھے اوور میں وکٹ کیپر محمد رضوان بھی 12 گیندوں پر 4 رنز بنا کر ارشدیپ کا شکار بنے۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ کیلئے بھی اچھی خبر ہے کہ میلبرن کا موسم بھی قدرے بہتر ہوگیا، بارش کے امکانات انتہائی کم ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میلبرن میں کھیلے جانے والے پاک بھارت میچ سے قبل موسم صاف ہوگیا ہے جبکہ بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں، جس کے باعث دونوں ٹیموں کے مابین 20، 20 اوورز کا میچ مکمل ہونے کا قوی امکان ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ میں 6 مرتبہ آمنے سامنے آئیں، 4 میچز بھارت نے جیتے جبکہ 1 میچ میں قومی ٹیم فاتح ٹھہری اور ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔
پاکستان اور بھارت رواں سال دو بار مدمقابل آ چکے ہیں، ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بھارتی ٹیم کامیاب رہی لیکن دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بدلہ چکا دیا۔
پاکستانی سکواڈ:
کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، حیدر علی، محمد نواز، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، شاداب خان اور حارث رؤف شامل ہیں۔
بھارتی سکواڈ:
کپتان روہت شرما، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادیو، ہاردک پانڈیا، دنیش کارتک، اکشر پٹیل، آر اشون، محمد شامی، بھونیشور کمار اور ارشدیپ سنگھ شامل ہیں۔