میلبرن: (ویب ڈیسک)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں جنوبی افریقہ نے بنگلا دیش کو 104 رنز سے بڑی شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 205 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے رائیلی روسو نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کی پہلی سنچری بنا ڈالی انہوں نے صرف 56 گیندوں پر 109 جبکہ وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے 38 گیندوں پر 63 رنز سکور کیے۔
دونوں بلے بازوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی دوسری بڑی شراکت بنائی، جنوبی افریقی کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 163 رنز کی شراکت بنائی۔
بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے دو اور عفیف حسین، تسکین احمد، اور حسن محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیشی ٹیم صرف 101 رنز بناسکی اور پوڑی ٹیم پویلین لوٹ گئی، بنگلادیش کی جانب سے لٹن داس نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے، اس کے علاوہ اوپنرز نجم الحسن شنتو نے 9، سومیا سرکار نے 15 رنز بنائے۔
کپتان شکیب الحسن 1، عفیف حسین 1، مہدی حسن 11، مصدق حسین صفر، نور الحسن 2، تسکین احمد 10، حسن محمود صفر رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ مستفیظ الرحمٰن 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔