بابر اعظم کی کپتانی مقدس گائے کی طرح، تنقید نہیں کی جاسکتی: محمد حفیظ

Published On 25 October,2022 10:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ حیدر علی کی بیٹنگ تکنیک میں خامیاں ہیں، انہوں نے اپنے بیٹنگ سٹائل کو ابھی تک نہیں بدلا اور وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں، بابر اعظم کی کپتانی ایک مقدس گائے کی طرح ہے جس پر تنقید نہیں کی جا سکتی

منگل کو ایک ٹی وی پروگرام میں محمد حفیظ نے حیدرعلی کی خراب پرفارمنس کے حوالے سے کہا کہ جب ہم نیوزی لینڈ کے دورے پر تھے تو اس سیریز میں حیدر علی سے اوپننگ کرائی گئی، اس نے لیگ سائیڈ پر سلوگ شاٹ مار کر چھکا مار دیا تو کوچ نے تالیاں بجانا شروع کردیں جبکہ میرے خیال میں ایک اوپنر کو اس طرح کی غیر ضروری شاٹس کی بجائے پراپر شاٹس کھیلنی چاہئیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ حیدر علی کے دورہ نیوزی لینڈ سے ابھی تک تکینک میں کوئی فرق نہیں آیا، وہ ابھی تک وہی شاٹس کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حیدر علی نے قومی ٹیم کی لمبے عرصے تک نمائندگی کرنی ہے تو انہیں اپنی بیٹنگ تکنیک کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مناسب شاٹس کھیلنا ہوں گی اور موقع کی مناسبت سے اپنی پرفارمنس کو ڈھالنا ہوگا۔

قومی ٹیم کے قائد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کپتانی ایک مقدس گائے کی طرح ہے جس پر تنقید نہیں کی جا سکتی، یہ مسلسل تیسرا بڑا کھیل ہے جس میں ہم نے بابر کی کپتانی میں خامیاں دیکھی ہیں، لیکن ہم سنتے رہتے ہیں کہ جب وہ 32 سال کی عمر کو پہنچیں گے وہ سیکھ جائیں گے۔

سابق کپتان نے محمد نواز کو آخری اوور دینے کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کو سپنرز کے ذریعے کروائے گئے اوورز کو بہتر انداز میں سنبھالنا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے میچ کے دوران 7ویں اوور سے 11ویں اوور تک جب ہندوستان ایک اوور میں چار رنز کے لیے بھی جدوجہد کر رہا تھا بابر نے اس ٹائم فریم میں اسپن کوٹہ اوورز کو پورا کیوں نہیں کیا۔
 

Advertisement