لاہور: ( ویب ڈیسک ) مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں تقریباً 3 سال سے زائد عرصہ کے بعد پاکستان سے پہلی پوزیشن چھن گئی، روایتی حریف بھارت کے سوریا کمار یادیو نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سے ٹی 20 کی حکمرانی کا تاج چھین لیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ ٹی 20 کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق بھارتی بیٹر نے محمد رضوان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بلے بازوں کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔
رینکنگ کے مطابق سوریا کمار یادیو کے 863 پوائنٹس ہوگئے جبکہ پاکستان کے محمد رضوان 842 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے، نیوزی لینڈ کے ڈیوون کونوے 792 کے ساتھ تیسرے، پاکستان کے کپتان بابر اعظم 780 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم 767 کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 743 کے ساتھ چھٹے، نیوزی لینڈ کے گلین فلپس 2 درجہ ترقی کے ساتھ 703 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے رائلی روسو آٹھویں، آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نویں اور بھارت کے ویرات کوہلی ایک درجہ ترقی کے ساتھ دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔
باؤلرز کی رینکنگ میں افغان سپنر راشد خان پہلے جبکہ بنگلا دیش کے شکیب الحسن کا آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں پہلا نمبر ہے۔